داڑھی کافیشن اورفیشن کی داڑھی

*داڑھی کا فیشن اور فیشن کی داڑھی*

آج جمعے کے دن علاقے کے ایک بڑے سیلون پر گیا. سیلون بالکل خالی دیکھ کر حیرت ہوئی. میرے بعد صرف ایک یا دو لوگ اور آئے. کرسیاں ہر طرف خالی پڑی ہوئی تھیں. سر کے بال کٹوانے کے درمیان کاٹنے والے لڑکے سے بات کرتا رہا. اس 21 سالہ لڑکے کے چہرے پر داڑھی دیکھ کر خوشی ہوئی اگرچہ داڑھی چھوٹی تھی. میں نے پوچھا کہ کیا بات ہے کہ آج کل نوجوان لڑکوں میں داڑھی رکھنے کا فیشن اور رواج بڑھا ہے اور نوجوانوں کے چہروں پر داڑھیاں نظر آرہی ہیں؟ کہنے لگا کہ یہ داڑھی وہ ایمان کی وجہ سے نہیں رکھتے ہیں بلکہ فلمی اسٹار کو دیکھ کر فیشن میں رکھتے ہیں. اس کا جواب سنکر افسوس ہوا. میں نے کہا کہ تم نے داڑھی رکھ لی ہے لہذا اب سنتِ رسول کی نیت کرلو. اس پر تمہیں ثواب ملے گا اور رسول علیہ السلام کی نافرمانی کے گناہ سے بچوگے.

چونکہ نوجوان لڑکے کم عمر ہوتے ہیں لہذا کوئی عادت پختہ نہ ہونے کی بنیاد پر وہ جلد تبدیل ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں خواہ وہ فلمی فیشن کی وجہ سے ہی کیونکر نہ ہو. اور یہی بات داڑھی رکھنے میں نظر آرہی ہے. مگر جو پختہ عمر، ادھیڑ، سٹھیائے اور بوڑھے ہیں وہ عادت میں پختہ, سٹھیائے اور ناقابلِ تسخیر ہونے کی وجہ سے کلین شیو رہتے ہیں. حیرت ہے کہ بیٹے تو داڑھی رکھ رہے ہیں مگر ان کے باپ کلین شیو کرکے گھوم رہے ہیں. نہ وہ فلمی فیشن کی وجہ سے داڑھی رکھ رہے ہیں اور نہ ہی سنتِ رسول کی وجہ سے. اگر انہیں داڑھی کے لئے کہا جائے تو حجت کرنے پر آمادہ ہوتے ہیں اور کہتے ہیں کہ کیا اسلام صرف داڑھی کا نام ہے جبکہ صرف کے لئے انہیں کوئی نہیں کہتا ہے. آج کل جو لڑکے فلمی فیشن میں فیشن والی چھوٹی داڑھی رکھ رہے ہیں میں اسے بھی غنیمت اور بنظرِ تحسین دیکھتا ہوں کیونکہ کم از کم ظاہری طور پر ہی سہی اور نادانستہ طور پر ہی اسلامی طریقے کی مشابہت تو ہوئی اگرچہ کسی اور نیت سے ہوئی. داڑھی رکھ لینے کے بعد اب صرف انہیں نیت بدلنے کی دیر ہے جبکہ جو کلین شیو ہیں ان کو نیت اور داڑھی دونوں کی ضرورت ہے.

دعاء ہے کہ اللہ تعالی تمام مسلمان مردوں کو اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وسلم کی شکل وصورت کو اختیار کرنے والا اور ان کے حکموں پر چلنے والا بنائے. محبوب سے سچی محبت کا تقاضا یہی ہے کہ اس کی پسندیدگی کو اپنی پسندیدگی بنالی جائے اور اس کی شکل اختیار کی جائے. 


محمد عبید اللہ قاسمی، دہلی
مورخہ 24 دسمبر، 2021

کوئی تبصرے نہیں